تربت:دشت میں مشتبہ گاڑی پر فائرنگ؛خاتون سمیت 2 افغان شہری جاں بحق، 12 زخمی گرفتار

اشارہ ملنے پر گاڑی نہ روکنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، 12 زخمی افراد حراست میں لے لیے گئے


تربت (ڈیلی قدرت کوئٹہ) دشت بشولی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک مشتبہ گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت غلام جیلانی اور فریدہ نامی خاتون کے طور پر ہوئی ہے، جن کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا تاہم گاڑی نہ رکنے پر فائرنگ کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن ڈرائیور کی جانب سے اشارے کو نظر انداز کیا گیا جس کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔گاڑی میں متعدد افراد سوار تھے جو مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ گاڑی میں سوار افراد کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔فائرنگ کے نتیجے میں تقریباً 12 افراد زخمی ہوئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر تربت کے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی میں موجود بچے اس واقعے میں محفوظ رہے۔

WhatsApp
Get Alert