آٹے کی قیمتوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں، 20کلو تھیلا 2500 روپے تک پہنچ گیاایک ہفتے میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ

کراچی(قدرت روزنامہ)آٹے کی قیمتوں میں اچانک اور بڑے اضافے نے عوام کی چیخیں نکلوا دی، ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں بیس کلو تھیلے کی قیمت میں200 روپے تک اضافہ ریکارڈ ہوا۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات نے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں، کراچی کے شہری ملک میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی۔
ایک ہفتے میں حیدرآباد اور لاڑکانہ میں20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے، سرگودھا میں 190، سکھرمیں 160، ملتان میں 133، کراچی اور خضدار میں 100 روپے تک مہنگا ہوا جبکہ کوئٹہ میں 90، گوجرانوالا 66، اسلام آباد میں67 راولپنڈی میں 40 روپیتک مہنگا ہوا ہے۔
دستاویز کے مطابق لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت ملک بھر میں سب سے کم یعنی1 ہزار 810 روپے تک ہے۔دستاویز کے مطابق کوئٹہ میں 2 ہزار 450 روپے، حیدر آباد 2 ہزار 440، اسلام آباد 2 ہزار 373، پشاور 2 ہزار 350، بنوں اور خضدار میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار 300 روپے تک ہے۔
اسی طرح راولپنڈی 2 ہزار 347، فیصل آباد 2 ہزار 250 جبکہ سکھر اور لاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار 200 روپے تک ہے۔دستاویز کے مطابق گوجرانوالہ، ملتان، سیالکوٹ 2 ہزار 133 روپے، بہاولپور 2 ہزار 67 روپے جبکہ سرگودھا میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار روپے تک ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اچانک اور بڑے اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی چیخیں نکلوا دی ہیں، شہریوں نے کہا کہ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں ایک ہی ہفتے کے دوران اتنا بڑا اضافہ حکومتی کنٹرول اور پرائس چیکنگ میکانزم پر سوالیہ نشان ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
