سندھ حکومت کا موٹرسائیکل سواروں کیلئے بڑا ریلیف، فیول سبسڈی میں توسیع اور ٹیکس میں کمی کی منظوری

کراچی (قدرت روزنامہ) سندھ کابینہ نے موٹرسائیکل سواروں کیلئے دو بڑے ریلیف اقدامات کی منظوری دے دی ہے، جن میں پیپلز موٹرسائیکل فیول سبسڈی پروگرام میں توسیع اور سیلز ٹیکس میں نمایاں کمی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں عوامی ریلیف کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
کابینہ نے پیپلز موٹرسائیکل فیول سبسڈی پروگرام کو 31 مئی 2026 تک بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر مئی کے لیے 2 ارب روپے فیول سبسڈی کی مد میں جاری کیے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ فیول سبسڈی پروگرام کے تحت اب تک 5 لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد کو ادائیگیاں کی جا چکی ہیں جبکہ مجموعی طور پر 1.096 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ سندھ کابینہ نے موٹرسائیکل کیپ سروسز کے لیے سیلز ٹیکس میں بڑی کمی کی بھی منظوری دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق سیلز ٹیکس 5 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کر دیا گیا ہے، جس سے آن لائن ڈرائیورز اور موٹرسائیکل سروس سے وابستہ افراد کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
