این ڈی ایم اے کا نیا الرٹ، پاکستان کے کن علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ شدید بارش، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اتوار کو جاری کردہ بیان میں این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ موسم کی یہ موجودہ صورتحال نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے تین سے چار ماہ قبل جاری کی گئی موسمی جائزہ رپورٹ کے عین مطابق ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور سرگودھا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل برسنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی موسم کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق گلگت، اسکردو، ہنزہ، مظفرآباد، نیلم ویلی اور میرپور سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ تاہم بالائی علاقوں میں تشویشناک بات درجہ حرارت میں اضافہ ہے جس کے باعث گلیشیئرز پگھلنے سے گلیشیائی جھیل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے اور پرخطر ڈھلوانوں پر قیام سے مکمل اجتناب کریں۔
تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے لہٰذا شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آندھی اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔
پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے سیاحوں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستوں کی بندش اور دیگر مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے جبکہ شہریوں کو بروقت معلومات کے لیے آفیشل ایپ استعمال کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
