بلوچستان کا مسئلہ سیاسی نوعیت کا ہے اور اس کا حل بھی سیاسی انداز میں ہی نکالا جا سکتا ہے، مولانا عبدالغفور حیدری

اسلام آباد/کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی نوعیت کا ہے اور اس کا حل بھی سیاسی انداز میں ہی نکالا جا سکتا ہے صرف سرفراز بگٹی کے جانے سے کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی، ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچستان کے بنیادی مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے‘یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں کوئٹہ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی‘مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اگر ایسی سیاسی جماعت اقتدار میں آئے جو عوام کے مفادات کو عزیز رکھتی ہو تو بلوچستان کے حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے مدارس کے خلاف مبینہ سازشوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے خلاف اقدامات نیک شگون نہیں، اس سے حالات مزید خراب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مدارس عوام کے ادارے ہیں اور عوام نے ہمیشہ ان پر اعتماد کیا ہے، لہٰذا دینی مدارس کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوششیں ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔
