سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ سیزن 2026 کے اہم اوقات اور ہدایات جاری کر دیں

ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی وزارت حج و عمرہ نے آئندہ عمرہ سیزن کے آغاز کے حوالے سے اہم تاریخوں اور طریقہ کار کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت کے مطابق عمرہ زائرین کو 15 ذوالحجہ 1448 ہجری سے مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ عمرہ ویزوں کا اجراء 31 مئی 2026 سے شروع کیا جائے گا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ پرمٹس “نسک” ایپ کے ذریعے 1 جون 2026 سے دستیاب ہوں گے۔
اعلان کے مطابق عمرہ ویزوں کی آخری تاریخ 1 شوال 1448 ہجری (9 مارچ 2027) مقرر کی گئی ہے جبکہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448 ہجری (23 مارچ 2027) ہوگی۔
اسی طرح زائرین کی سعودی عرب سے واپسی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448 ہجری (7 اپریل 2027) مقرر کی گئی ہے۔ سعودی حکام نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن اور سفری دستاویزات مکمل کریں تاکہ کسی بھی مشکل سے بچا جا سکے۔
حج 2026 کے حوالے سے خصوصی ہدایات
سعودی وزارت داخلہ نے حج 2026 کے دوران عازمین حج کی سہولت، حفاظت اور بہتر رہنمائی کے لیے خصوصی گائیڈ بھی جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ان ہدایات کا مقصد ایک محفوظ، منظم اور پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ عازمین آسانی کے ساتھ حج کے مناسک ادا کر سکیں۔
جاری کردہ گائیڈ میں مسجد الحرام کے داخلی و خارجی راستوں، طواف کے طریقہ کار، سعی کے مخصوص راستوں اور مختلف مقامات کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
ہدایات کے مطابق وہیل چیئر اور الیکٹرک وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد کے لیے الگ راستے مختص کیے گئے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ سعی کے راستے صرف سعی کرنے والوں کے لیے مخصوص ہیں، اس لیے وہاں بیٹھنے یا راستہ روکنے سے اجتناب کیا جائے۔
وزارت داخلہ نے عازمین کو رش کے اوقات میں ماسک کے استعمال اور حفاظتی اصولوں کی مکمل پابندی کی ہدایت بھی کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نظم و ضبط کی پابندی سے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ حج قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات میں داخل ہونا جرم تصور ہوگا، جس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ سعودی حکومت کے مطابق تمام ادارے حج انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے متحرک ہیں اور عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
