بگڑتی معاشی صورتحال، لوڈشیڈنگ اور اپوزیشن سے غیر قانونی سلوک کے خلاف ہرنائی میں پی ٹی آئی اور پشتونخوامیپ کے مشترکہ احتجاجی مظاہرے

ہرنائی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ہرنائی کے زیر اہتمام تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور باچا خان چوک پر بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت پشتونخوا میپ ہرنائی کے ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین ملک عبدالسلام ترین نے کی، جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی صدر صدام ترین سمیت دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
مظاہرین نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی مسلسل قید، جیل سے ان کی صحت کے حوالے سے آنے والی تشویشناک خبروں اور سیاسی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال، حکومتی بیڈ گورننس، امن و امان کی ابتر حالت، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں حکومت کی ناکامی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کئی گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا سب سے زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔
رہنماؤں نے حکومت پر زور دیا کہ پاکستان تحریک انصاف سمیت ملک کی تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ جاری غیر آئینی اور غیر قانونی سلوک کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فی الفور رہا کیا جائے، ملک میں امن و امان اور معاشی استحکام کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں، اور عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی جائے۔
