پاکستان اور چین کی شراکت داری خوشحالی اور ترقی کی ضامن ہے، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری نہ صرف اقتصادی منصوبہ ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان خوشحالی کا مضبوط پل بھی ہے۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں MCC Tongsin Resources Limited کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ معدنی وسائل خصوصاً تانبے اور سونے کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے سیندک کاپر گولڈ پروجیکٹ کو پاکستان اور چین کے درمیان کامیاب تعاون کی بہترین مثال قرار دیا۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ سیندک منصوبہ قومی آمدنی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور یہ ملازمتوں، بنیادی ڈھانچے اور مقامی سرمایہ کاری کے ذریعے بلوچستان کی ترقی میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت تعاون مزید وسعت اختیار کر رہا ہے۔ بلوچستان میں معدنی وسائل، اسٹریٹجک اہمیت اور بلیو اکانومی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ معدنیات کی ترقی، پروسیسنگ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مزید چینی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس تعاون کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، انفراسٹرکچر مضبوط ہوگا اور بلوچستان خطے میں تجارت اور صنعت کا اہم مرکز بنے گا۔
اس موقع پر انہوں نے MCC Tongsin Resources Ltd کی قیادت، وفاقی حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر ترقی، خوشحالی اور جدت کا نیا مستقبل تشکیل دیں گے۔
