چمن پھاٹک کے قریب دھماکہ، 16 افراد جاں بحق، 30 زخمی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ ک چمن پھاٹک کے قریب خوفناک دھماکے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آواز شہر بھر میں سنی گئی جبکہ قریبی آبادیوں میں گھروں کے دروازے، کھڑکیاں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب ٹرین گزر رہی تھی، جس کے بعد ریلوے ٹریک کے قریب آگ بھڑک اٹھی۔ سیکیورٹی فورسز، پولیس، ریسکیو اور فائر بریگیڈ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
دھماکے میں 16 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں میں خواتین اور چھوٹے بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ 8 لاشیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کے اطراف کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
معاون خصوصی برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق واقعے کی نوعیت جاننے کیلئے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جائے وقوعہ کے قریب جمع نہ ہوں تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔

WhatsApp
Get Alert