تحریک انصاف کا مسافر ٹرین پر ہونے والے خودکش حملے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف نے چمن پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین پر ہونے والے دلخراش خودکش حملے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں 24 سے زائد افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ پی ٹی آئی کے مطابق پارٹی نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ایسے بزدلانہ دہشت گرد حملے قوم کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتے، یہ قوم دہشت گردی کے خلاف ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے اور رہے گی۔
پاکستان تحریک انصاف ہر قسم کی دہشت گردی اور دہشت گرد عناصر کی شدید مذمت کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ملک سے اس ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، کوئٹہ میں ٹرین پر ہونے والے اس حملے کے نتیجے میں قریبی فلیٹ میں رہائش پذیر خالد جاوید، ان کی اہلیہ، 13 سالہ بیٹی اور 8 سالہ بیٹے سمیت شہید ہو گئے، جو اس سانحے کی سنگینی کو مزید واضح کرتا ہے، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے چمن پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین پر ہونے والے دلخراش خودکش حملے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں 24 سے زائد افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
پارٹی نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی…
— PTI (@PTIofficial) May 24, 2026
پاکستان تحریک انصاف نے اس واقعے کو صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی سیکیورٹی نظام میں کھلی اور مکمل ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر مسلسل ایسے واقعات حکومتی نااہلی اور ادارہ جاتی کمزوری کو بے نقاب کر رہے ہیں، وہ ’تھانیدار‘ کہاں گیا جس کے ذریعے بلوچستان اور دیگر علاقوں کو کنٹرول کرنے کے دعوے کیے جاتے تھے؟ عوام پوچھ رہی ہے کہ سکیورٹی کے وہ بلند و بانگ دعوے کہاں گئے؟ اور زمینی حقائق اس قدر بھیانک کیوں ہیں؟۔
پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، ذمہ داران کو بے نقاب کیا جائے اور متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہو کر کھڑی ہے اور کسی بھی قیمت پر اس ناسور کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
