پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ، ایک سال تک سم اپنے نام سے ختم نہیں ہوسکے گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی اے سم کارڈ پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے صارفین کیلئے نئی پابندی متعارف کرا دی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اب کوئی بھی فعال سم کارڈ ایک سال تک صارف کے نام سے ختم یا منتقل نہیں کیا جا سکے گا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کے مطابق پہلے سم کو 60 دن بعد ڈس اون کیا جا سکتا تھا، تاہم اب اس مدت کو بڑھا کر 365 دن کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بار بار سم کارڈ ضائع کرنے یا دوسروں کو منتقل کرنے سے روکنا اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کے نام پر نئی سم جاری ہوتی ہے تو وہ ایک سال تک اسی فرد کے نام پر برقرار رہے گی۔ اس دوران سم کی ملکیت تبدیل نہیں کی جا سکے گی۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو دوبارہ خبردار کیا ہے کہ بائیومیٹرک تصدیق کے عمل میں احتیاط برتیں اور کسی غیر متعلقہ شخص کو اپنے شناختی کارڈ پر سم جاری نہ کروائیں۔
ادارے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موبائل صارفین اپنے شناختی کارڈ (CNIC) کی مدت ختم ہونے سے پہلے تجدید کروائیں، کیونکہ ایکسپائر، منسوخ یا فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمیں بلاک کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد محفوظ موبائل کمیونیکیشن، جعلی سموں کی روک تھام اور شہریوں کے ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
