سالانہ طویل چھٹیوں کے مقابلے ہر 2 ماہ بعد مختصر چھٹیاں لینا ذہنی صحت کیلئے زیادہ مفید: تحقیق

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)نوکری پیشہ افراد کے لیے ذہنی دباؤ، تھکن سے بچاؤ کے حوالے سے ایک تحقیق میں اہم نتائج سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق سال بھر کی تمام چھٹیاں ایک ساتھ لینے کے بجائے مختصر وقفوں کے بعد بار بار چھٹیاں لینا زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔
2025 میں امریکی ادارے نیشنل لائبریری آف میڈیسن میں شائع ہونے والے ایک تحقیقی مقالے میں کہا گیا ہے کہ ہر دو ماہ بعد مختصر دورانیے کی چھٹی لینا ذہنی تازگی، صحت اور کام کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اگرچہ طویل سالانہ چھٹیاں بھی وقتی طور پر ذہنی سکون فراہم کرتی ہیں، تاہم ان کے مثبت اثرات کام پر واپسی کے چند ہفتوں بعد ہی کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ اس کے برعکس مختصر لیکن بار بار کی جانے والی چھٹیاں ذہنی دباؤ کو مستقل بنیادوں پر کم رکھنے میں زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتی ہیں، جس سے ملازمین کی مجموعی پیداواریت اور فوکس میں بھی بہتری آتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ کام اور آرام کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ وقفوں پر چھٹیوں کا نظام زیادہ مؤثر حکمت عملی ہو سکتا ہے۔
