مولانا فضل الرحمٰن کی کوئٹہ آمد اسلام پسند عوام کے لیے حوصلہ افزا قرار، جے یو آئی کارکن 4 جون کے جلسے کے لیے پُرجوش


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) زرغون ٹاؤن کے زیر اہتمام حاجی لالا خان بادیزئی اسکیم میں عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں زرغون ٹاؤن کے تمام یونٹوں اور تحصیلوں کے امراء، نظماء، کونسلران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، ناظم عمومی حاجی عین اللہ شمس، نائب ضلعی امیر مولانا محمد ایوب، مولانا محب اللہ، مولوی سعید احمد، مولانا شعیب جدون، مفتی روزی خان بادیزئی، میر فاروق لانگو، شہزاد کندن، ناصر مسیح اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کی کوئٹہ آمد اسلام پسند عوام کے لیے باعث مسرت، اطمینان اور حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قائد جمعیت کی آمد کے سلسلے میں ضلع بھر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ کارکنان 4 جون کو پشین میں ہونے والے تاریخی جلسے میں شرکت اور خطاب سننے کے لیے انتہائی پُرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک میں اسلامی تشخص، دینی اقدار، آئینی بالادستی اور جمہوری جدوجہد کی علمبردار جماعت ہے۔ جے یو آئی کے کارکنان دین اسلام کی سربلندی، مدارس و مساجد کے تحفظ، ختم نبوت کے دفاع اور عوامی حقوق کے لیے ہر سطح پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
مقررین نے تنظیمی استحکام، باہمی اتحاد اور کارکنوں کی فعالیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد، اخوت اور قربانی کے جذبے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی بصیرت افروز قیادت نے ہمیشہ اسلامی اقدار، قومی مفادات اور جمہوری روایات کے تحفظ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعیت علماء اسلام کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے، قائد جمعیت کے مشن کو آگے بڑھانے اور تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔

WhatsApp
Get Alert