نصیرآباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

ڈیرہ مراد جمالی (قدرت روزنامہ) نصیرآباد کے علاقے دولت گھاڑی، گوٹھ غلام مصطفیٰ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کے روز پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے حاکم علی ولد عبدالستار کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
پولیس نے مقتول کے ورثاء کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
