بارکھان میں بارش کے پانی کی نکاسی کے مسائل پر فوری کارروائی، نالیوں کی صفائی مکمل


بارکھان (قدرت روزنامہ) ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمن کاکڑ نے سوشل میڈیا پر بارش کے پانی کی نکاسی اور بند نالیوں سے متعلق سامنے آنے والی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی کو صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
ہدایات کے بعد میونسپل کمیٹی کا عملہ فوری طور پر متحرک ہو گیا اور شہر کے مختلف علاقوں، گلیوں اور سڑکوں میں بند نالیوں کی صفائی کا آغاز کر دیا۔ عملے نے نالیوں میں موجود کچرا اور رکاوٹیں ہٹا کر بارش کے پانی کی روانی بحال کی تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سعید الرحمن کاکڑ نے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور صفائی کے نظام کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی بھی پریشانی سے بچایا جا سکے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ شہر میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert