سول ہسپتال تیزاب حملہ: ینگ ڈاکٹرز کا غیر معینہ مدت تک او پی ڈیز بند کرنے کا اعلان، ملزم کے خلاف پہلے بھی شکایات درج تھیں


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ینگ ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی بلوچستان نے سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب حملے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی بلوچستان کے سربراہ ڈاکٹر طاہر موسیٰ خیل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور پر ہونے والے تیزاب حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور پر حملے سے قبل شعبہ امراضِ نسواں میں ایک لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ بدسلوکی اور ان کے بال نوچنے کا واقعہ بھی پیش آیا ۔
ڈاکٹر طاہر موسیٰ خیل نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو شدید مشکلات اور سیکیورٹی خدشات کا سامنا ہے، جبکہ ہسپتالوں میں ایسے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جو تاحال منظرِ عام پر نہیں آئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری انتہائی ضروری تھی، تاہم ملزم کو ہلاک کیے جانے کے بعد کئی سوالات اور شکوک و شبہات نے جنم لیا ہے۔
سربراہ ینگ ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ ڈاکٹر ماہ نور کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ زخمی میڈیکل ٹیکنیشن عبدالرزاق کا علاج سرکاری خرچ پر کرایا جائے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سول ہسپتال واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈاکٹر طاہر موسیٰ خیل نے اعلان کیا کہ مطالبات کی منظوری اور سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے تک کل سے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور الیکٹیو سروسز غیر معینہ مدت کے لیے بند رہیں گی۔

WhatsApp
Get Alert