ڈیرہ مراد جمالی: پٹ فیڈر نہر سے خاتون کی لاش برآمد، فائرنگ اور ٹریفک حادثات میں 5 افراد زخمی

ڈیرہ مراد جمالی (قدرت روزنامہ) ڈیرہ مراد جمالی میں پٹ فیڈر نہر سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ مختلف واقعات اور فائرنگ کے حادثات میں مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی سٹی تھانہ کی حدود ریلوے پھاٹک کے قریب پٹ فیڈر نہر کے کنارے سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی، جسے شناخت کے لیے ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ مراد جمالی کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔
ادھر جھل مگسی کے علاقے گوٹھ سارنگھانی میں فائرنگ کے واقعے میں صاحب خان ولد سارنگ خان زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو جھل مگسی اسپتال منتقل کردیا۔
اسی طرح بھاگ ناڑی پولیس تھانے کی حدود پیر تیار غازی روڈ پر ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کفایت اللہ شدید زخمی ہوگیا۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے، جبکہ پولیس نے زخمی کو سول اسپتال بھاگ منتقل کردیا۔
مزید برآں ڈیرہ مراد جمالی کے قریب کجلاڑو کے مقام پر موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد گل حسن، لشکران اور حمزہ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کیا گیا۔
پولیس نے تمام واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔
