امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایران پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کردی

واشنگٹن (قدرت روزنامہ)امریکی فوج کے مشرقِ وسطیٰ میں ذمہ دار کمانڈ (سینٹکام) نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ کے حکم پر آج ایران کی بندرگاہوں سے آنے اور جانے والی تمام بحری آمدورفت پر عائد ناکہ بندی ختم کردی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سینٹکام کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج اب خلیج میں ایران کی بندرگاہوں کی جانب جانے یا وہاں سے آنے والے تجارتی اور دیگر بحری جہازوں کی نقل و حرکت میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں کے لیے نافذ کی گئی تمام امریکی بحری ناکہ بندی اگرچہ بند کر دی گئی ہیں تاہم امریکی بحری جنگی جہاز خطے میں موجود رہیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔

امریکی اعلان کو حالیہ امریکی۔ایرانی مفاہمت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جس سے خلیج میں بحری تجارت اور جہاز رانی کی سرگرمیوں کی بحالی کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔

امریکا نے ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی کا اعلان اس وقت کیا ہے جب آج ہی فریقین اور ثالث پاکستان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت جنگ بندی مستقل طور پر نافذ ہوگئی۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ حملے میں 28 فروری کو آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز بند کردی تھی جس کے جواب میں امریکا نے ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی کردی تھی۔

WhatsApp
Get Alert