پاکستان

جسٹس عائشہ ملک کی تقرری، پاکستان اور سپریم کورٹ بار کا عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل نے لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کے معاملے پر کل عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان بار کونسل کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں جونئیر جج کہ تعیناتی کے معاملے پر کل بروز چھ جنوری ہڑتال کی جائے گی۔پاکستان بار کونسل کی جانبس ے جاری اعلامیے میں اپیل کی گئی ہے کہ ملک بھر کی تمام وکلاء تنظیمیں عدالتی ہڑتال اور احتجاج کو یقینی بنائیں۔
قبل ازیں پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوشدل خان نے کہا تھا کہ سمجھ سے بالاتر ہے جسٹس عائشہ ملک کو لانے کا مقصد کیا ہے؟انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایک کے بجائے 3 خواتین ججز سپریم کورٹ لائیں مگر سینیارٹی کے مطابق لائیں۔واضح رہے کہ ستمبر 2021 میں بھی لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کا معاملہ چار چار سے برابر ہوگیا تھا۔
اُس وقت بھی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کے معاملے پر وکلا کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا تھا۔یہ بھی خیال رہے کہ جسٹس عائشہ ملک سینیارٹی کے اعتبار سے اس وقت لاہور ہائی کورٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان سے سینیئر تین جج موجود ہیں۔چوتھے نمبر پر بھی جسٹس عائشہ ملک اکیلی نہیں، ان کے علاوہ 24 ایسے جج ہیں جو ہائی کورٹ کے جج کا پانچ سالہ تجربہ رکھتے ہیں اور قابلیت اور سینیارٹی کے لحاظ سے عائشہ ملک کے برابر ہیں۔

متعلقہ خبریں