مریم نواز اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی اہم ملاقات، بجٹ اجلاس، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوامی خدمت اور مؤثر قانون سازی کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی 2 سالہ کارکردگی کو تاریخی اور بے مثال قرار دیتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسپیکر نے پنجاب میں پہلی مرتبہ ضلعی اور تحصیل کی سطح پر الیکٹرک بسیں چلانے کے وزیراعلیٰ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی سہولت کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلی بار ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے ذریعے شہریوں کو صفائی اور بہترین ماحول کا آئینی حق فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ستھرا پنجاب‘ اور ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملنا پنجاب کے لیے باعثِ فخر ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی صرف دعووں تک محدود نہیں بلکہ اس کے عملی نتائج زمین پر نظر آ رہے ہیں۔ ان کے بقول وزیراعلیٰ نے پنجاب میں تیز ترین رسپانس اور گڈ گورننس کا ایک مثالی ماڈل قائم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس عوامی امنگوں کا ترجمان اور صوبے کی ترقی کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔

ملک محمد احمد خان نے نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں خواتین کا خود کو محفوظ محسوس کرنا اور نوجوانوں کا مستقبل کے حوالے سے پُرامید ہونا مریم نواز کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ دن رات عوامی خدمت کے لیے فیلڈ میں سرگرم عمل دکھائی دیتی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ان کے اقدامات انتہائی شاندار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہترین قانون سازی اور ایوان کو انتہائی احسن اور مدبرانہ انداز میں چلانے میں اسپیکر ملک محمد احمد خان کا کردار قابلِ فخر ہے۔

مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کا واحد ہدف پنجاب کے ہر شہری تک ریلیف پہنچانا اور صوبے کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا جو سفر شروع کیا گیا ہے، اس کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ ترقی اور عوامی فلاح کے ثمرات صوبے کے ہر فرد تک پہنچ سکیں۔

WhatsApp
Get Alert