وزیراعظم کی تاریخی ٹیکس وصولی پر مبارکباد، کراچی اور لاہور نے کتنا ٹیکس دیا؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف نے پچھلے مالی سال 12.957 کھرب روپے کا ہدف عبور کرنے پر ایف بی آر کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سال 26-2025 کے لیے تاریخی ریونیو ہدف حاصل کرنا بڑا سنگ میل ہے جس پر ایف بی آر کے تمام عملے کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہبازشریف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسران نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے کہا کہ مالی سال 26-2025 میں 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی کی گئی، کاروباری برادری کو سہولت اور برآمدات کے فروغ سے معیشت کو مدد ملی، رواں مالی سال 15 کھرب روپے سے زائد محصولات کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کی جانب سے اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب اور معاشی ٹیم کے دیگر ارکان نے کارکردگی کی پذیرائی کرتے ہوئے اسمگلنگ کی روک تھام اور کسٹمز افسران کو سکیورٹی فراہمی پر فیلڈمارشل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جانوں پر کھیل کر ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کے نفاذ میں کردار ادا کرنے والے افسران کی کوششیں لائق تحسین ہیں، گزشتہ ڈھائی سال سے جاری اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کی بدولت ریکارڈ ٹیکس اکٹھا ہوا، ایف بی آر کے امور پر مہینے میں دو دفعہ جائزہ اجلاسوں کی صدارت خود کی، فیلڈفارمیشنزمیں اچھی شہرت کےحامل افسران کی تعیناتی یقینی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ریونیو اکٹھا کرنے کے ساتھ کاروباری برادری کوسہولتیں فراہم کرنا ترجیح ہونی چاہیے ایف بی آرکا نیا آپریٹنگ ماڈل ڈیجیٹل اور انسانی مداخلت کے بغیر فیس لیس ٹیکس نظام پر مبنی ہوگا۔
افسران کی ترقی اور سروس کو بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی لارج ٹیکس پیئر یونٹ نے جون 2026 کے دوران 528 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا جب کہ لاہور لارج ٹیکس پیئر یونٹ نے جون 2026 میں 261 ارب روپے اکٹھے کیے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران ائیرپورٹ پر کسٹم ڈیوٹی کے حجم میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔ ملاقات میں اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، بلال اظہر کیانی اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال شریک ہوئے۔
