بدامنی چھپانے کیلئے سیاسی رہنماؤں پر تھری ایم پی او کا کالا قانون نافذ؛ صوبائی حکومت کی انتظامی ناکامی عیاں ہے ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں ضلع زیارت کے سیاسی جماعتوں کے چار رہنماؤں کے خلاف بلوچستان پبلک مینٹیننس آرڈیننس 1960 (تھری ایم پی او) کے تحت وارنٹ جاری کرنے کے حکومتی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق، سیاسی و آئینی آزادیوں، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار پر ایک سنگین حملہ قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ اور بالخصوص زیارت میں پیش آنے والے دہشتگردانہ واقعے اور امن و امان کی مسلسل ابتر ہوتی صورتحال، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم پر قابو پانے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کی ناکامی واضح ہو چکی ہے۔ اپنی انتظامی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پرامن شہریوں، سیاسی کارکنوں، قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات اور عوامی نمائندوں کے خلاف نوآبادیاتی دور کے کالے قوانین کا سہارا لینا کسی بھی جمہوری، آئینی و سیاسی اور مہذب معاشرے کے اصولوں کے منافی ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کسی بھی شہری کے خلاف محض الزامات یا شبہات کی بنیاد پر تھری ایم پی او کے تحت کارروائی کرنا، عدالتی نگرانی اور شفاف قانونی عمل کے بغیر اس کی آزادی سلب کرنے کی کوشش کرنا آئینِ پاکستان، بنیادی انسانی حقوق اور انصاف کے مسلمہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اگر کسی فرد کے خلاف قابلِ قبول شواہد موجود ہیں تو اسے آزاد, شفاف اور غیر جانبدار عدالتی کارروائی کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، نہ کہ استعماری اور غیر جمہوری قوانین کے ذریعے شہری آزادیوں کو محدود کیا جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ صوبہ ، بالخصوص پشتون اضلاع میں سیاسی کارکنوں، سماجی رہنماؤں، قبائلی عمائدین اور عام شہریوں کے خلاف تھری ایم پی او اور فورتھ شیڈول اور دیگر غیر جمہوری قوانین کا مسلسل استعمال نہ صرف عوام میں بے چینی، خوف اور عدم تحفظ کو بڑھا رہا ہے بلکہ جمہوری عمل، آئینی آزادیوں اور ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔ سیاسی اختلافِ رائے کو جبر اور استعماری قوانین کے ذریعے دبانے کے بجائے آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے وفاق اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضلع زیارت کے سیاسی جماعتوں کے چار رہنماؤں کے خلاف تھری ایم پی او کے تحت جاری کیے گئے وارنٹ فوری طور پر واپس لیے جائیں ۔ صوبہ خصوصاً پشتون علاقوں میں سیاسی کارکنوں، قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات اور عام شہریوں کے خلاف تھری ایم پی او اور دیگر غیر جمہوری و استعماری قوانین کے استعمال کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، اور آئین کے تحت حاصل بنیادی شہری آزادیوں کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔ بیان کے اختتام پر واضح کیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے آئینی، سیاسی، جمہوری اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر قسم کے غیر آئینی، غیر جمہوری، جابرانہ اور استعماری اقدامات کے خلاف ہر جمہوری، آئینی اور قانونی فورم پر بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert