بلوچستان بارود کے ڈھیر پر ہے، ادارے عوام اور اہلکاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں؛ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے جبکہ نہتے اور بے گناہ عوام دہشت گردی کا مسلسل شکار ہیں۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں، یہاں تک کہ پولیس اور لیویز کے اہلکار بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے کرتے تھک چکے ہیں۔
گوادر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورا بلوچستان دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، ہنہ اوڑک اور زیارت ایک مرتبہ پھر خون آشام کارروائیوں کی زد میں ہیں۔ روزانہ بے گناہ نوجوانوں کا خون بہایا جا رہا ہے مگر مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اور سیکیورٹی ادارے اخلاص اور سنجیدگی کے ساتھ امن و امان کے قیام کو یقینی بنائیں، صرف مذمتی بیانات اور رسمی اعلانات مسائل کا حل نہیں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے۔
