پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کی پالیسی میں تبدیلی کی خبریں، پاور ڈویژن نے وضاحت جاری کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاور ڈویژن نے بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کی گردش کرتی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ایک اہم وضاحتی بیان جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے اپنے جاری کردہ باقاعدہ بیان میں واضح کیا ہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین سے متعلق حکومتی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس حوالے سے سامنے آنے والی تمام خبریں غلط ہیں۔
پاور ڈویژن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین کی کیٹگری کا فائدہ اٹھانے کے لیے صارف کا پچھلے چھ ماہ کا بجلی کا بل مسلسل 200 یونٹس یا اس سے کم ہونا لازمی ہے، یعنی جو صارفین مسلسل 6 ماہ تک 200 یونٹس یا اس سے کم بجلی استعمال کریں گے، صرف وہی پروٹیکٹڈ صارف رہیں گے اور انہیں پہلے کی طرح اس کیٹگری کے فوائد ملتے رہیں گے۔
دوسری جانب نیپرا نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی 33 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین سمیت تمام متعلقہ بجلی صارفین پر ہوگا، جبکہ اضافی چارجز رواں ماہ جولائی کے بجلی کے بلوں میں وصول کیے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert