زیارت میں سانحہ مانگی ڈیم کے خلاف زیارت میں ہزاروں افراد کا احتجاج؛ دہشتگردی کے خاتمے اور قیامِ امن کا مطالبہ

زیارت (ڈیلی قدرت)آل پارٹیز کی مشترکہ کال پر سانحہ مانگی ڈیم زیارت کے المناک واقعے کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی امن ریلی نکالی گئی، جس میں بچوں، بزرگوں، خواتین، نوجوانوں، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماں، سماجی شخصیات، تاجر برادری اور عام شہریوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات سے گزری، جہاں شرکا نے دہشت گردی کے خلاف اور قیامِ امن کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے سانحہ مانگی ڈیم میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کا مطالبہ کیا۔یہ احتجاجی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے قائم دھرنا پنڈال پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکا نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و سماجی مقررین نے کہا کہ سانحہ مانگی ڈیم ایک دل خراش اور ناقابلِ برداشت واقعہ ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دہشت گرد عناصر امن کے دشمن ہیں، تاہم ایسے بزدلانہ حملے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ مقررین نے حکومت اور مقتدر حلقوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ سانحہ مانگی ڈیم میں ملوث سفاک عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، شہدا کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے اور ضلع زیارت سمیت پورے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مثر بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
