ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کا احتجاج مؤخر سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی سمیت تمام طبی سہولیات بحال کرنے کا اعلان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب کاکڑ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی سے کمشنر آفس کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (کوئٹہ زون) اور الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے موجودہ صوبائی صورتحال، امن و امان کی نازک کیفیت اور عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان سے پرزور درخواست کی کہ وہ اپنے جاری احتجاج کو مؤخر کرتے ہوئے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی سمیت تمام طبی سہولیات بحال کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور ڈاکٹرز کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے احتجاجی مطالبات کے حل کے لیے سنجیدہ اور مؤثر کوششیں کی جائیں گی۔وفد کی نمائندگی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر حئی بلوچ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (کوئٹہ زون) کے صدر ڈاکٹر نادر بلوچ اور الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے صدر جمال شاہ کاکڑ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کی۔اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر حئی بلوچ نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کو بلوچستان میں جاری مخدوش امن و امان کی صورتحال، زیارت میں جاری دھرنے، شہدائ کے لواحقین کے غم، اور ان مشکل حالات میں عوام کو علاج و معالجہ کی سہولیات کی شدید ضرورت کا مکمل احساس ہے۔ انہی غیر معمولی حالات اور کمشنر کوئٹہ ڈویڑن کی خصوصی درخواست کے احترام میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنا احتجاج عارضی طور پر مؤخر کرنے اور کل سے بلوچستان بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی سمیت تمام طبی خدمات مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کرتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے اپنے مطالبات سے کسی صورت دستبرداری اختیار نہیں کی۔ ہمارے تمام مطالبات بدستور برقرار ہیں اور احتجاج صرف عوام کو درپیش مشکلات اور موجودہ غیر معمولی حالات کے پیش نظر مؤخر کیا گیا ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان حکومت کو واضح طور پر آگاہ کرتی ہے کہ اگر زیارت کے شہدائ کے دھرنے کے اختتام کے فوراً بعد ہمارے جائز مطالبات پر عملی پیش رفت اور مؤثر عمل درآمد نہ کیا گیا تو تنظیم اپنے احتجاجی سلسلے کو دوبارہ پہلے سے زیادہ بھرپور انداز میں شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (کوئٹہ زون)، الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، ڈاکٹر برادری، سینئرز، میڈیا اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے اس جدوجہد میں ہر مرحلے پر ڈاکٹرز کے جائز حقوق کی حمایت کی اور مشکل حالات میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ تنظیم اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ عوام کی خدمت اور ڈاکٹرز کے جائز حقوق کے تحفظ کی جدوجہد آئندہ بھی پوری ذمہ داری، اتحاد اور وقار کے ساتھ جاری رہے گی۔
