ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس میں بڑا اضافہ، خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس میں نمایاں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی شرحوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ اضافہ سول سیکریٹریٹ، وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ اور گورنر سیکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والے گریڈ 3 سے گریڈ 22 تک کے تمام ملازمین اور افسران پر لاگو ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 3 سے 6 تک کے ملازمین کو ماہانہ 6 ہزار روپے، گریڈ 7 سے 10 تک کے ملازمین کو 9 ہزار روپے جبکہ گریڈ 11 سے 13 تک کے ملازمین کو 13 ہزار روپے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس دیا جائے گا۔
اسی طرح گریڈ 14 اور 15 کے ملازمین کو 16 ہزار روپے، گریڈ 16 کے ملازمین کو 18 ہزار روپے، گریڈ 17 اور 18 کے افسران کو 21 ہزار روپے جبکہ گریڈ 19 کے افسران کو 28 ہزار روپے ماہانہ الاؤنس ملے گا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق گریڈ 20 کے افسران کے لیے الاؤنس 35 ہزار روپے، گریڈ 21 کے لیے 42 ہزار روپے جبکہ گریڈ 22 کے افسران کو ماہانہ 52 ہزار روپے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس ادا کیا جائے گا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے معذور سرکاری ملازمین کے لیے بھی اہم ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کو مالی سہولت فراہم کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا ہے۔
