معروف پوڈ کاسٹر اور اینکر ریحان طارق کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی گئی
ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کے موقع پر عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ این سی سی آئی اے سے کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر رکھا تھا

لاہور(قدرت روزنامہ)توہینِ مذہب کے مقدمے میں گرفتار معروف اینکر اور پوڈ کاسٹر ریحان طارق کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست کو خارج کر دیا گیا، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ کے جائزے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔ اطلاعات کے مطابق اینکر ریحان طارق کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کے موقع پر عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ این سی سی آئی اے سے کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر رکھا تھا، عدالتی حکم پر این سی سی آئی اے کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ریکارڈ پیش ہونے کے بعد ریحان طارق کے وکیل، معروف قانون دان میاں داؤد ایڈووکیٹ نے اپنے موکل کے دفاع میں تفصیلی دلائل دیے اور ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی، پراسیکیوٹر اور ملزم کے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ کے دلائل مکمل ہونے اور پیش کیے گئے شواہد و ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ریحان طارق کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کرنے کا حکم جاری کیا۔
واضح رہے کہ اینکر اور پوڈ کاسٹر ریحان طارق کو توہینِ مذہب کے سنگین الزامات کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، جہاں ضمانت خارج ہونے کے بعد اب ان کی حراست برقرار رہے گی۔
