ایران میں اغوا کیے گئے 12 پاکستانیوں میں سے 2 بازیاب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ایران میں اغوا کیے گئے پاکستانی نوجوانوں میں سے دو کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ 10 پاکستانی اب بھی اغواکاروں کی تحویل میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق غیر قانونی طریقے سے ترکیہ جانے کی کوشش میں ایران میں اغوا ہونے والے 12 نوجوانوں کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایران میں اغوا کیے گئے پاکستانیوں میں سے دو کو بازیاب کرا لیا اور تہران میں پاکستانی سفارتخانے منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے انہیں جلد وطن واپس لایا جائے گا۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ بازیاب ہونے والے نوجوانوں کی شناخت طلحہ اور شہزاد کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق لاہور کے علاقے بھسین سے ہے۔
ایف آئی اے نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزید واضح کیا کہ: “اس لرزہ خیز واقعے کا مرکزی ملزم اور انسانی اسمگلر عامر ہے، جو خود بھی اسی گاؤں (بھسین) کا رہائشی ہے تاہم ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔”
ترجمان کا کہنا تھا کہ تاحال 10 پاکستانی نوجوان اغوا کاروں کی تحویل میں ہیں، جن کی بحفاظت بازیابی اور واپسی کے لیے ایرانی حکام اور پاکستانی سفارتی مشن کے ساتھ مل کر مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ہے۔
یاد رہے لاہور کے 12 نوجوان ایران کے راستے غیرقانونی طور پر ترکیہ جانے کی کوشش کے دوران انسانی اسمگلروں کے ہاتھوں اغوا ہوئے تھے، جس کے بعد اغوا کاروں نے نوجوانوں پر وحشیانہ تشدد کیا اور ان کی تڑپتی ہوئی ویڈیوز گھر والوں کو بھیج کر رہائی کے بدلے ہزاروں ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا۔
متاثرہ نوجوانوں پر تشدد کی ویڈیوز منظرعام پر آنے کے بعد معاملہ شدت اختیار کر گیا تھا، جس کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی تیز کیں۔
