بلوچستان کو چھاونی نہیں،امن کا گہوارہ بنایا جائے:عوام کے آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:مولانا ہدایت الرحمن بلوچ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے پہاڑوں، شہروں، شاہراہوں اور بستیوں کو محفوظ بنانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، جبکہ صوبے میں پائیدار امن، عدل و انصاف کے قیام کے لیے اخلاص، دیانت داری اور قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایف سی کی موجودہ پالیسی ناکام ثابت ہوئی ہے، اس لیے ایف سی کو بلوچستان سے نکالا جائے اور زیارت دھرنے کے تمام جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں۔انہوں نے یہ بات جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی دفتر میں مختلف وفود سے ملاقاتوں اور ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ وفاقی حکومت اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بلوچستان کو چھانی میں تبدیل کرنے کے باوجود عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہیں، بازار اور عوامی مقامات محفوظ نہیں رہے جبکہ اربوں روپے سیکیورٹی پر خرچ ہونے کے باوجود امن قائم نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ بارڈر بند ہونے سے تجارت تباہ، صنعت و کاروبار مفلوج اور نوجوان بے روزگاری کے باعث شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ بدعنوانی، بدانتظامی اور بدامنی نے بلوچستان کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کا کام عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے، تجارت اور کاروباری معاملات میں مداخلت نہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام پر ہونے والی ناانصافی، جبری گمشدگیوں، بدامنی اور معاشی استحصال پر کبھی خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیارت واقعے کی شفاف عدالتی تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کے حقوق، امن، انصاف اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ظلم، ناانصافی، بدعنوانی اور بدامنی کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ بلوچستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور حقیقی عوامی نمائندگی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert