سپین کو فیفا ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد، صدر ٹرمپ اور امریکی قوم کا شاندار میزبانی پر شکریہ! وزیراعظم

کھیل کی زبان سرحدوں سے بالاتر ہے جو پوری انسانیت کو متاثر کرتی ہے، میری دعا ہے دوستی اور اتحاد کا یہی جذبہ فائنل کی آخری سیٹی کے بعد بھی طویل عرصے تک ہماری رہنمائی کرتا رہے؛ شہبازشریف کا پیغام


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا تاج اپنے نام کرنے پر سپین کی فٹبال ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے، انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب اور تاریخی انعقاد پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی عوام اور شراکت دار ممالک میکسیکو اور کینیڈا کی قیادت کو بھی بہترین انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء جیتنے پر ہسپانوی فٹبال ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں سپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں اس کی شاندار اور مستحق فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، سپین کی قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی مہارت، اتحاد، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ٹورنامنٹ کے انتظامات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکہ کے عوام کو اس تاریخی ٹورنامنٹ کے بے مثال انتظامات اور کامیاب میزبانی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، میکسیکو اور کینیڈا کی حکومتوں اور عوام کا بھی شکریہ جنہوں نے بہترین شراکت داری کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی اتنے شاندار انداز میں مکمل کی۔


شہباز شریف نے فیفا کے صدر جانی انفنٹینو اور ان کی پوری ٹیم کو اس میگا ایونٹ کی شاندار آرگنائزیشن پر سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں یقیناً فٹبال کی عالمی اہمیت اور حیثیت کو مزید مضبوط بنائیں گی، ایک بار پھر فیفا ورلڈ کپ نے ہمیں یاد دلایا ہے کہ کھیل ایک عالمگیر اور عالمی زبان ہے، ایک ایسی زبان جو سرحدوں سے بالاتر ہے اور پوری انسانیت کو متاثر کرتی ہے، میری دعا ہے دوستی اور اتحاد کا یہی جذبہ فائنل کی آخری سیٹی کے بعد بھی طویل عرصے تک ہماری رہنمائی کرتا رہے۔

WhatsApp
Get Alert