’پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ہے، عوام 7 اگست کو شاہراہیں بند کر دیں‘

کراچی (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھتہ ٹیکس ہے حکومت یہ جبری ٹیکس ختم کرےاور پیٹرول کی قیمت کم کرے۔

حافظ نعیم الرحمان نے بیان میں کہا کہ عوام نے 1900 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں جگا ٹیکس ادا کیا لیکن اس لیوی کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے ایک طرف ہرلیٹر پیٹرول پر125 روپےلیوی اور ٹیکسز لے رہے ہیں دوسری طرف آئی پی پی کوسالانہ 2 ہزار ارب روپےنہ بننے والی بجلی کے دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے حق کے لیے نکلیں اور 7 اگست کو پاکستان بھر کی شاہراہیں بند کر دیں۔

گزشتہ روز جماعتِ اسلامی پاکستان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ظالمانہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف 7 اگست کو پورے ملک کی اہم سڑکوں اور شاہراہوں کو جام کرنے کا اعلان کیا تھا۔

لاہور میں ایک ہنگامی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ قوم کے لیے مستقل دردِ سر بن چکا ہے اور حکومت اس معاملے پر قوم سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عالمی یا علاقائی جنگ کی صورتحال کا بہانہ بنا کر عوام پر شب خون مارا ہے، حالانکہ لیوی اور ناجائز ٹیکسز کا جنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا “اگر حکومت کی جانب سے عائد کردہ ظالمانہ اور ناجائز ٹیکسز ختم کر دیے جائیں، تو ملک میں پیٹرول کی قیمت 200 روپے سے زیادہ نہیں ہو سکتی، روزانہ کی بنیاد پر عوام دشمنی کی جا رہی ہے اور اب تو طلبہ پر بھی پیٹرول کی مد میں لیوی لگا دی گئی ہے۔”

WhatsApp
Get Alert