بلوچستان کے نوجوان بندوق کے بجائے قلم، تعلیم، تحقیق اور شعور کا راستہ اختیار کریں، ضیا ءلانگو


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے، صوبے کے نوجوان بندوق کے بجائے قلم، تعلیم، تحقیق اور شعور کا راستہ اختیار کریں کیونکہ قوموں کی ترقی اور خوشحالی کا حقیقی راستہ علم و آگاہی سے ہو کر گزرتا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی، تشدد اور انتہا پسندی کے راستے ہمیشہ تباہی اور اندھیروں کی طرف لے جاتے ہیں، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ منفی سرگرمیوں سے دور رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کریں۔
میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ پہاڑوں کا رخ کرنے والے نوجوان نہ صرف اپنی زندگیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں اور تعلیم و ہنر کے ذریعے ملک اور صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے خواتین کے شدت پسندی میں شامل ہونے کے رجحان کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر نوجوان نسل کو مثبت راستہ دکھانے کی ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو بہتر تعلیمی سہولیات، مواقع اور روشن مستقبل کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوان امن، ترقی اور شعور کے راستے کو اپناتے ہوئے بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

WhatsApp
Get Alert