محمد اورنگزیب کی امریکی ایگزم بینک کے صدر سے اہم ملاقات، اسٹریٹجک فریم ورک پر جلد اتفاق متوقع

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے اپنے دورۂ واشنگٹن ڈی سی کے دوران امریکی ایگزم بینک کے صدر اور چیئرمین جان جوانووک سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران طویل المدتی ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی، امریکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کپاس، سویا بین اور ہائیڈروکاربن سمیت مختلف زرعی و تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی گفتگو ہوئی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترجیحی منصوبوں کے لیے ایگزم بینک کی جانب سے مجوزہ فریم ورک، کثیر سالہ مالیاتی لین دین کے نظام اور امریکی فنانسنگ، جدید ٹیکنالوجی، آلات اور خدمات تک رسائی آسان بنانے کی تجاویز کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے قلیل مدتی مالیاتی لین دین کو آگے بڑھانے، رابطوں کو مؤثر بنانے کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے اور مجوزہ اسٹریٹجک فریم ورک کو جلد از جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر امید ظاہر کی گئی کہ ستمبر 2026 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاکستان اور امریکا کے درمیان اس اسٹریٹجک فریم ورک پر باقاعدہ دستخط کیے جائیں گے جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔
