سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ ریاست پر حملہ ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا مؤقف

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ دراصل ریاست پر حملہ ہے اور ایسے بزدلانہ اقدامات میں ملوث دہشت گردوں کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کے محافظوں اور شہداء کے خون کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہے گی اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور شہداء کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت، عزم اور قومی یکجہتی کے ساتھ جاری رہے گی اور بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں اور دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
