مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ قابلِ مذمت، دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔ انہوں نے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان اور کمشنر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں پر حملہ دراصل ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشت گرد عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائی کر رہی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست اور عوام متحد ہیں اور بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert