کراچی ڈیفنس میں معمولی ٹکر پر کار سوار کا تشدد؛ فوڈ ڈیلیوری رائیڈر پر ہاکی سے حملہ
طیش میں آئے کار سوار نے ڈیلیوری بوائے کی موٹر سائیکل توڑ دی، سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں

کراچی(قدرت روزنامہ)شہرِ قائد کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی اور موٹر سائیکل کی معمولی ٹکر پر شدید تلخ کلامی اور تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک کار سوار نے طیش میں آ کر فوڈ ڈیلیوری رائیڈر پر ہاکی سے حملہ کر دیا اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچایا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں ایک گاڑی اور فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کی موٹر سائیکل کے درمیان معمولی ٹکر ہوئی، حادثے کے فوراً بعد کار سوار شدید غصے کی حالت میں گاڑی سے باہر نکلا اور آپے سے باہر ہوتے ہوئے ہاکی نکال کر موٹر سائیکل پر اندھا دھند وار کرنا شروع کر دیئے، جس سے موٹر سائیکل کو شدید نقصان پہنچا۔
کراچی ڈیفنس میں کار سوار کا فوڈ ڈلیوری رائیڈر پر ہاکی سے حملہ
معاملہ ہے کیا۔۔۔ نزیر شاہ نے اہم تفصیلات بتادیں#ARYNews #BakhabarSavera pic.twitter.com/X29Oy9lU2S— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) July 23, 2026
بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل کو نشانہ بنانے کے بعد کار سوار ہاتھ میں ہاکی اٹھائے رائیڈر پر حملے کے لیے اس کے پیچھے بھاگا اور اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا، دن دہاڑے تشدد کے اس واقعے سے شاہراہ پر موجود شہریوں اور دیگر راہگیروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں پولیس حکام نے کہا ہے کہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
