واٹس اپ کو سائبر فراڈ اور ہیکنگ سے کیسے بچایا جائے؟ پی ٹی اے کی ہنگامی وارننگ جاری

لاہور(قدرت روزنامہ)آج کی ڈیجیٹل دنیا میں بڑھتے ہوئے سائبر خطرات کے باعث واٹس ایپ صارفین کو اپنے اکاؤنٹس کے تحفظ کے لیے مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ماہرین کے مطابق واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیکرز کے لیے آسان ہدف بن سکتے ہیں اس لیے چند بنیادی حفاظتی اقدامات اپنا کر ممکنہ فراڈ اور نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی صارفین کو آگاہی دیتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی فیچرز کا لازمی استعمال کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق صارفین واٹس ایپ کی سیکیورٹی نوٹیفکیشن سہولت کو فعال کریں۔ اس کے لیے واٹس ایپ کھول کر ترتیبات (سیٹنگز) میں جائیں، پھر اکاؤنٹ کے آپشن میں جا کر سیکیورٹی نوٹیفکیشنز میں موجود شو سیکیورٹی نوٹیفکیشنز کو آن کر دیں۔
یہ فیچر فعال ہونے کے بعد اگر اکاؤنٹ کی سیکیورٹی ترتیبات میں کوئی تبدیلی کی جاتی ہے تو صارف کو فوری طور پر اطلاع موصول ہو جائے گی جس سے کسی بھی مشکوک سرگرمی کا بروقت پتا چل سکتا ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک محفوظ اور فعال ای میل ایڈریس ضرور منسلک کریں تاکہ اکاؤنٹ تک رسائی میں مسئلہ آنے کی صورت میں اسے دوبارہ بحال کرنا آسان ہو سکے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ کا دو مرحلہ وار تصدیقی (ٹو اسٹیپ ویری فکیشن) فیچر بھی فعال کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ یہ اضافی حفاظتی تہہ ہیکرز اور سائبر جرائم پیشہ افراد کی جانب سے اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی کی کوششوں کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ آن لائن دنیا میں معمولی سی احتیاط بھی صارفین کے ذاتی ڈیٹا اور ڈیجیٹل معلومات کو محفوظ رکھ سکتی ہے جبکہ چھوٹی سی لاپرواہی بڑے مالی یا ذاتی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
