سوئس پاکستانی نژاد سعدیہ زاہدی انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی ڈائریکٹر جنرل مقرر

نیویارک (قدرت روزنامہ)سوئس پاکستانی نژاد سعدیہ زاہدی کو انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا گیا۔
سعدیہ زاہدی یکم نومبر 2026 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گی اور آئی اے ٹی اے کی تاریخ میں اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی۔
سعدیہ زاہدی آئی اے ٹی اے کی 9 ویں ڈائریکٹر جنرل ہوں گی، وہ اس سے قبل ورلڈ اکنامک فورم میں منیجنگ ڈائریکٹر اور منیجنگ بورڈ کی رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
آئی اے ٹی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور لاٹام ایئرلائنز گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روبرٹو الوو نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ سعدیہ زاہدی کی تقرری پر انتہائی خوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں سعدیہ زاہدی کا طویل اور شاندار تجربہ آئی اے ٹی اے کو عالمی ایئرلائن صنعت کی مؤثر آواز کے طور پر مزید مضبوط بنائے گا۔
روبرٹو الوو کا کہنا تھا کہ سعدیہ زاہدی کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بین الاقوامی ماحول تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ ٹیکنالوجی اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں مستقبل میں ہوا بازی کی صنعت کی سمت متعین کریں گی، سعدیہ زاہدی کے پاس وہ صلاحیت موجود ہے جس کے ذریعے وہ صنعت کی ضروریات کو مؤثر انداز میں اجاگر کر سکیں گی۔
آئی اے ٹی اے دنیا بھر کی 370 سے زائد ایئر لائنز کی نمائندگی کرتا ہے، جو عالمی فضائی ٹریفک کا تقریباً 85 فیصد حصہ سنبھالتی ہیں۔ یہ ادارہ محفوظ، پائیدار اور مؤثر عالمی فضائی نقل و حمل کے فروغ کے لیے ہوابازی کے مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
سعدیہ زاہدی نے اکنامکس میں اسمتھ کالج سے بیچلر، دی گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ سے بین الاقوامی معاشیات میں ایم فل، جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی سے ماسٹر آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
