بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس کی استعداد بڑھانے کا فیصلہ

محسن نقوی کا دورۂ کوئٹہ، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی سے ملاقات؛ امن کی بحالی کے ماسٹر پلان پر فوری عمل درآمد اور پولیس کو مضبوط بنانے پر اتفاق


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اجلاس کو صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورت حال، حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بلوچستان کی انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی پولیس کو مضبوط بنانے سے متعلق فیصلوں پر پیش رفت تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا، جبکہ وفاقی وزارت داخلہ نے اس مقصد کے لیے درکار وسائل کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ امن کی بحالی کے ماسٹر پلان پر فوری اور مؤثر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔


انہوں نے ہدایت کی کہ امن و امان کی حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے بلوچستان پولیس کے سابق سربراہان کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی اور بلوچستان حکومت صوبے میں امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ وفاقی حکومت بلوچستان کو درکار وسائل، تربیت اور جدید سہولیات کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہے گی اور کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، معیاری تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ میرٹ کو فروغ دے کر نوجوانوں کا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے بلوچستان میں امن اور ترقی کے دونوں محاذوں پر بیک وقت پیش رفت یقینی بنائی جائے گی۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے صوبے میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert