صدر مملکت آصف علی زرداری سے رکن بلوچستان اسمبلی نواب جنگیز خان مری سے ملاقات،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال وامن وامان پر تبادلہ خیال

کراچی(قدرت روزنامہ) صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری سے رکنِ بلوچستان اسمبلی نواب جنگیز خان مری نے بلاول ہاؤس کراچی میں تفصیلی ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بالخصوص بلوچستان میں امن و امان، سیاسی استحکام اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں پائیدار امن، عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی ہمہ جہت ترقی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر دہشت گردی کے خاتمے، امن کے قیام، عوام کو بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی گفتگو ہوئی۔
نواب جنگیز خان مری نے بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی ضروریات اور امن و استحکام کے لیے مقامی سطح پر کیے جانے والے اقدامات سے صدرِ مملکت کو آگاہ کیا، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور دیرپا امن کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوامی فلاح کے منصوبوں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
