سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی شہادت انتہائی افسوسناک اور نظامِ انصاف پر حملہ ہے،حق اور انصاف کے مطابق فیصلے کرنے والے ججز کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے سردار یار محمد رند

المناک واقعے کے قاتلوں اور پس پردہ سہولت کاروں کو فوری بے نقاب کرکے قوم کے سامنے لایا جائے، سابق وفاقی وزیر کا مطالبہ


بولان(ڈیلی قدرت کوئٹہ)سینئر سیاستدان سابق وفاقی و صوبائی وزیر سردار یار محمد رند نے اپنے ایک بیان میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی شہادت انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور ریاستی اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ایسے جج صاحبان جو قانون، آئین اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلے کرتے ہیں انہیں نشانہ بنانا محض ایک فرد پر حملہ نہیں بلکہ پورے نظامِ انصاف اور قانون کی بالادستی پر حملہ ہے انہوں نے اپنے سخت ردعمل میں کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی ٹارگٹ کلنگ ایک سوچی سمجھی سازش معلوم ہوتی ہے جس کا مقصد انصاف فراہم کرنے والے جج صاحبان کو خوفزدہ کرنا اور انہیں اپنے آئینی و قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا ہے یہ واقعہ ان تمام ججوں کے لیے ایک دھمکی آمیز پیغام ہے جو حق اور انصاف کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت آخر اپنی ناکامیوں کو کب تک چھپاتی رہے گی جب حکومتی عہدیداروں، وزراء اور دیگر اہم شخصیات کے لیے سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کیے جا سکتے ہیں تو پھر جج صاحبان کی جان و مال کا تحفظ کس کی ذمہ داری ہے اگر انصاف فراہم کرنے والے خود غیر محفوظ ہیں تو عام شہری کے تحفظ کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے سردار یار محمد رند نے مطالبہ کیا کہ اس المناک واقعے میں ملوث قاتلوں، سہولت کاروں اور پس پردہ عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قوم کے سامنے لایا جائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی قانون اور انصاف کے محافظوں کی جان سے کھیلنے کی جرات نہ کر سکے انہوں نے کہا کہ ہم شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

WhatsApp
Get Alert