پنجاب: بارش کے پانی میں نہانے پر پابندی عائد

لاہور(قدرت روزنامہ)مون سون کی شدید بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر کے ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں تیراکی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ گلیوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے اور بغیر اجازت کے جھیلوں یا دریاؤں میں کشتی رانی کرنے پر بھی سخت پابندی لگا دی گئی ہے۔
یہ تمام پابندیاں ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت اگلے 60 دنوں کے لیے نافذ العمل رہیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ سخت فیصلے موجودہ موسمی حالات کے تناظر میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں اور کھلی جگہوں پر پانی جمع ہو چکا ہے، جس میں نہانے سے بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو شدید جانی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اس وقت پنجاب کے تمام آبی ذخائر میں پانی کی سطح کافی بلند ہے، جس کی وجہ سے تیراکی اور غیر قانونی کشتی رانی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
صوبائی انتظامیہ اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکم نامے پر بلا تاخیر اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
عوامی آگاہی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ ”عوام کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور شہریوں کی معلومات کے لیے دفعہ 144 کے اس نفاذ کی بھرپور تشہیر کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ لوگ ان خطرناک مقامات سے دور رہیں“۔
حکومت نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے اس موسم میں احتیاط برتیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
