کوٹ لکھپت جیل میں عالیہ حمزہ اور فلک جاوید پر جان لیوا حملے کا دعویٰ

حملہ کرنے والی خواتین نے دونوں کے گلے دبائے رکھے، حملہ آور خواتین مسلم لیگ ن اور مریم نواز کے نعرے بھی لگا رہی تھیں؛ صحافی زعیم لغاری کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ


لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ اور کارکن فلک جاوید پر مبینہ جان لیوا حملے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے صحافی زعیم لغاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ جیل کے اندر دونوں خواتین پر حملہ کیا گیا، حملہ آور خواتین نے ان کے گلے دبانے کی کوشش کی۔
زعیم لغاری کی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’حملے میں ملوث خواتین مبینہ طور پر “مسلم لیگ (ن) زندہ باد” اور “مریم نواز زندہ باد” کے نعرے بھی لگا رہی تھیں‘، تاہم اس دعوے کی تاحال کسی سرکاری ادارے یا جیل انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔


واضح رہے کہ عالیہ حمزہ پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی ہیں، جو حالیہ مہینوں میں مختلف مقدمات کے سلسلے میں گرفتار ہوئیں، ان کے خلاف امن عامہ، احتجاج، توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور دیگر الزامات کے تحت مختلف شہروں میں مقدمات درج ہیں، وہ متعدد مقدمات میں عدالتی کارروائیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔
اسی طرح فلک جاوید بھی پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ ایکٹوسٹ ہیں، انہیں بھی احتجاجی سرگرمیوں اور مختلف مقدمات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا، دونوں خواتین اس وقت عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک کوٹ لکھپت جیل میں زیر حراست ہیں۔

WhatsApp
Get Alert