کراچی میں موسلادھار بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی جاری


کراچی (قدرت روزنامہ) کراچی میں موسلادھار بارش کا انتظار کرنے والے شہریوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں یکم اگست کی شام یا رات سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 2 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں کا طاقتور سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کے بعد اب بادلوں کا رخ سندھ کی جانب ہو چکا ہے، جس کے باعث کراچی سمیت کئی اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں موسلادھار بارش کے علاوہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سجاول، ٹھٹہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، نواب شاہ، نوشہرو فیروز اور دادو میں بھی آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں اور بجلی کے کھمبوں یا ٹوٹے ہوئے تاروں سے دور رہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے بالائی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جو 5 اگست تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد اور خطہ پوٹھوہار کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، سبی، لورالائی اور خضدار میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے، لہٰذا شہری اور سیاح غیر ضروری طور پر ایسے مقامات کا رخ کرنے سے گریز کریں۔

WhatsApp
Get Alert