بلوچستان کے تمام قبائل اور عوام ہمارے اپنے ہیں، حکومت بلاامتیاز ہر علاقے کی ترقی، خوشحالی اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان و چیف آف بگٹی میر سرفراز بگٹی سے آل پارٹیز موسیٰ خیل کے ایک اعلیٰ سطحی نمائندہ وفد نے چیف آف غرشین سردار سید اسد زمان غرشین کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں سابق ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل، سابق صوبائی وزیر مولانا غلام سرور، یونین کونسل اندرپڑ اور یونین کونسل راڑاشم کے نمائندوں سمیت مختلف قبائلی عمائدین اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران وفد نے ضلع موسیٰ خیل کو درپیش عوامی، انتظامی اور ترقیاتی مسائل سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور ضلع کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی، مواصلاتی ڈھانچے کی بہتری اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفد کی تجاویز اور سفارشات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں اور متوازن ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں، قبائلی عمائدین اور مقامی قیادت سے مسلسل مشاورت کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو زیادہ مؤثر اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے تاکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام بھی ترقی کے ثمرات سے بھرپور استفادہ کر سکیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح بلوچستان کے پسماندہ اضلاع کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے مرحلہ وار تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال ضلع واشک کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج دیا گیا تھا، جبکہ رواں سال حکومت کی خصوصی توجہ صوبے کے دیگر پسماندہ اضلاع کے ساتھ ساتھ موسیٰ خیل کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز ہوگی ۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام قبائل اور عوام ہمارے اپنے ہیں، اور حکومت بلاامتیاز ہر علاقے کی ترقی، خوشحالی اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کے کسی بھی ضلع یا علاقے کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ عمران زرکون اور اسٹاف آفیسر سید احمد شاہ غرشین بھی موجود تھے۔

WhatsApp
Get Alert