ضلع سوراب گدر میں پیش آنے والا واقعہ ریاستی طاقت کے بے دریغ استعمال کی ایک سنگین مثال ہے، حکومت فوری طور پر شہری آبادیوں پر حملوں کا سلسلہ بند کرے : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے پریس ریلیز میں ضلع سوراب کے علاقے گدر میں جیٹ طیاروں کی جانب سے شہری آبادی پر فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 27 افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ، افسوس اور شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گدر کی شہری آبادی پر فضائی حملہ اور بے گناہ شہریوں کا قتل انتہائی سنگین اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔ خواتین اور بچوں سمیت عام شہریوں کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے، نہ کہ شہری آبادیوں کو خوف، دہشت اور عدم تحفظ سے دوچار کرنا۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ گدر میں پیش آنے والا واقعہ ریاستی طاقت کے بے دریغ استعمال کی ایک سنگین مثال ہے۔ شہری آبادی پر بمباری اور بے گناہ انسانوں کی جانوں کا ضیاع بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایسے واقعات سے عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ گدر میں شہری آبادی پر ہونے والے فضائی حملے کی فوری، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فوری اور باعزت معاوضہ فراہم کیا جائے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی و امداد کو یقینی بنایا جائے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ضلع سوراب میں پہلے ہی کرفیو اور سخت سیکیورٹی اقدامات کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکومت فوری طور پر کرفیو اور سیکیورٹی اقدامات کے دوران شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، امدادی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹیں ختم کرے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی اداروں کو مکمل رسائی فراہم کرے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ بے گناہ شہریوں کا قتل کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ریاستی طاقت کا استعمال عوام کے تحفظ کے لیے ہونا چاہیے، عوام کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں۔ حکومت فوری طور پر شہری آبادیوں پر حملوں کا سلسلہ بند کرے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت دے اور انسانی جانوں کے احترام کو یقینی بنائے۔ پارٹی نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ بلوچستان کے عوام کو خوف و دہشت کے بجائے امن، تحفظ، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق فراہم کیے جائیں۔
