کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ، غریب کے گھر کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے

آٹے کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی، شہری دو وقت کی روٹی کے لیے شدید مشکلات سے دوچار روٹی اور نان بھی مہنگے ہوگئے، حکومت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرے: عوامی حلقے


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ دنوں کے دوران غیر معمولی اضافہ نے عوام کی کمر توڑ دی‘ شہری دو وقت کی روٹی کے لیے شدید مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ غریب طبقے کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑنے لگے ہیںمارکیٹ ذرائع کے مطابق آٹے کے تھیلے کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ دیکھا جا رہا ہے‘ کبھی جو آٹا عام آدمی کی پہنچ میں تھا، آج اس کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے‘متوسط اور غریب طبقے کے لیے آٹا خریدنا کسی امتحان سے کم نہیں رہا‘شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دعوے تو بہت کیے جا رہے ہیں مگر عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے۔ ایک مزدور نے ڈیلی قدرت کوئٹہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہم روز کما کر کھانے والے لوگ ہیں، جب آٹا ہی مہنگا ہو گیا تو بچوں کو کیا کھلائیں؟آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے نان بائیوں نے بھی روٹی اور نان کی قیمت بڑھا دی ہے، جس سے عوام پر بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔ غریب گھرانے اس صورتحال میں شدید پریشان ہیں اور کئی جگہوں پر لوگ قرض لے کر آٹا خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں‘عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آٹے کی قیمتوں پر قابو پایا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ورنہ صورتحال مزید گھمبیر ہو سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert