ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑانے والی سرکاری ڈبل کیبن قانون کے شکنجے میں! 96 ہزار جرمانہ وصول

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان کے نادہندہ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن میں تیزی لاتے ہوئے قانون کی سختی سے عملداری کا آغاز کر دیا ہے۔ اب سرکاری گرین نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو بھی ریڈ سگنل یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر بھاری جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔
اس عزم کی عملی مثال اس وقت دیکھنے میں آئی جب ٹریفک آفیسر عرفان قریشی نے گڑھی شاہو کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے 96 ہزار روپے کے نادہندہ ایک سرکاری ڈبل کیبن کو دبوچ لیا۔
گاڑی کے ای چالان چیک کیے گئے تو مجموعی طور پر 96 ہزار روپے کے جرمانے پینڈنگ نکلے۔ اس سرکاری ڈبل کیبن نے مجموعی طور پر 99 مرتبہ ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑائی تھیں جن میں 9 مرتبہ ٹریفک سگنل توڑنا، 6 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی اور 7 مرتبہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کے قوانین شامل تھے بعد ازاں بقایا جات اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد مذکورہ سرکاری گاڑی کو جانے کی اجازت دی گئی۔
اس ضمن میں لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے تمام ای چالان نادہندہ سرکاری محکموں کو کلیئرنس حاصل کرنے کے لیے باضابطہ طور پر مراسلے بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبد الرحیم شیرازی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں جدید اے این پی آر (ANPR) کیمروں کی مدد سے ٹریفک کی 20 سے زائد اقسام کی خلاف ورزیوں پر خودکار طریقے سے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو تنبیہ کی ہے کہ بھاری جرمانوں سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
