عائزہ خان سے علیحدگی کی افواہیں، دانش تیمور نے خاموشی توڑ دی

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستانی ڈراموں کے معروف اداکار دانش تیمور نے اہلیہ عائزہ خان سے علیحدگی کی گردش کرتی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ازدواجی تعلق کو مضبوط اور پُرسکون قرار دیا ہے۔
دانش تیمور نے کہا کہ عائزہ خان ان کے پیارے بچوں کی ماں اور ان کی شریک حیات ہیں۔ ان کے مطابق دونوں خوش حال ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں اپنی زندگی کے بارے میں پھیلائی جانے والی بے بنیاد باتوں کی کوئی فکر نہیں۔
اداکار نے بتایا کہ وہ ان دنوں اپنے ایک پروجیکٹ میں دن رات مصروف ہیں، اس لیے فضول باتوں اور جھوٹی خبروں پر توجہ دینے کے بجائے اپنی تمام تر توجہ کام پر مرکوز رکھتے ہیں۔
دانش تیمور کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کو ان کی کامیابی اور شہرت برداشت نہیں ہورہی، تاہم وہ منفی باتوں میں الجھنے کے بجائے مثبت سوچ کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق محنت کا نتیجہ مداحوں کو ان کی اسکرین پرفارمنس میں بھی دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے اپنے رشتے کے حوالے سے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے اور عائزہ خان کے درمیان محبت کے ساتھ باہمی احترام کا جذبہ بھی رکھا ہے، جس کی وجہ سے وہ کئی برس سے سکون کے ساتھ ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔
دانش تیمور نے مزید کہا کہ بعض لوگ حسد کی وجہ سے ان کے بارے میں منفی باتیں پھیلاتے ہیں اور ان کی ازدواجی زندگی اور ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن وہ ایسی سرگرمیوں کو اہمیت نہیں دیتے۔
اداکار نے اپنی کامیابی اور شہرت کو بھی اللہ تعالیٰ کی عطا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام کامیابیوں پر اپنے رب کے شکر گزار ہیں۔
